بینر
 
بینر
خودکش حملہ، ہلاکتیں چودہ ہوگئیں چھاپیے ای میل
منگل, 09 مارچ 2010 11:40
لاہور............................ ماڈل ٹاوٴن لاہور میں خود کش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی خصوصی تحقیقاتی سینٹر سے ٹکرادی جس کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد چودہ ہوگئی ،سڑسٹھ زخمی ہیں، ہر طرف تباہی پھیل گئی۔ پولیس کے مطابق صبح آٹھ بج کر سترہ منٹ پر کے بلاک ماڈل ٹاوٴن میں خصوصی تحقیقاتی سینٹر کی عمارت پر خودکش حملہ کیا گیا۔ دھماکا اس قدر خوفناک تھا کہ کئی کلو میٹر دور تک اس کی آواز سنی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ ایک ڈبل کیبن گاڑی کو اس حملے میں استعمال کیا گیا، جو پندرہ منٹ تک ایک قریبی پیٹرول پمپ پر کھڑی رہی، جس کو تفتیشی مرکز کے گیٹ کے بیرئیر سے ٹکرا کر اڑا دیا گیا۔دھماکے کی اطلاع ملتے ہی امدادی اداروں کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ امدادی ٹیموں نے زخمیوں اور لاشوں کو قریب واقع جناح ہسپتال پہنچایا۔ ڈی سی او سجاد احمد بھٹہ نے موقع پر پہنچ کر امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بتایا کہ حملے کے وقت متاثرہ عمارت میں ستر افراد موجود تھے اور دھماکے میں چھ سو کلوگرام بارود استعمال کیا گیا۔ دھماکے سے اٹھائیس فٹ چوڑا اور بارہ فٹ گہرا گڑھا پڑ گیا۔ کمشنر لاہور خسرو پرویز کا کہنا ہے کہ دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی کے لاہور میں داخلے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ سی سی پی او لاہور پرویز راٹھور نے بتایا کہ حملے کے وقت سینٹر میں کسی اہم کیس میں ملوث کوئی ملزم زیر تفتیش نہیں تھا۔پنجاب کے سنیئر وزیر راجا ریاض احمد کا کہنا ہے کہ حساس سرکاری اداروں کے دفاتر کی رہائشی علاقوں سے منتقلی کیلئے حکمت عملی واضع کی جارہی ہے۔ وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی اس واردات میں بیرونی ہاتھ خارج ازامکان نہیں۔ اطلاعات کے مطابق ماڈل ٹاوٴن میں ایسے مزید بارہ تفتیشی مراکز موجود ہیں، جنہیں یہاں کے رہائشی کسی دوسری جگہ منتقل کرنے کیلئے ہر سطح پر آواز اٹھاتے رہے ہیں۔ شہر میں تمام اہم شاہراہوں پر چیکنگ کے باوجود دہشت گردوں نے ایک اور کارروائی کرکے خوف پھیلا دیا، اس واردات کے بعدسیکورٹی پلان ازسر نو ترتیب دینے کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔
 
 
بینر
بینر

پول

کیا پاکستانی ٹیم میچ فکسنگ میں ملوث ہو سکتی ہے؟