|
ترسیلی اخراجات پر سبسڈی ، سیمنٹ برآمدات میں50کروڑ ڈالر اضافہ ہوگا |
|
|
|
پیر, 08 فروری 2010 18:36 |
| لاہور.....................…آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عصمت اللہ نیازی کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے پورٹ تک ترسیل کے اخراجات پر ایک ارب روپے کی سبسڈی دینے سے سیمنٹ کی سالانہ برآمدات میں50کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوگا۔آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عصمت اللہ نیازی نے جیو نیوز کو بتایا کہ اس وقت پاکستان کی سالانہ سیمنٹ کی برآمدات تقریباً70کروڑ ڈالر کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اندرون ملک سے پورٹ تک ترسیل کے اخراجات پر سبسڈی دینے پر بات چیت حتمی مراحل پر پہنچ گئی ہے ۔عصمت اللہ نیازی نے بتایا کہ اس اعلان کے بعد سیمنٹ سیکٹر میں موجود1کروڑ20 لاکھ ٹن کی اضافی سیمنٹ رواں مالی سال کے اختتام تک برآمد کیا جاسکے گا جس کے بعد سیمنٹ کی مجموعی برآمدات70 کروڑ ڈالر سے بڑھ1 ارب20 کروڑ ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس وقت سیمنٹ انڈسٹری کی پیداواری صلاحیت ساڑھے چار کروڑ ٹن سیمنٹ سالانہ ہے جبکہ کھپت2 کروڑ20 لاکھ ٹن ہے اس لیے حکومت سبسڈی کا اعلان جلد کرے کیوں کہ1 ارب روپے کی سبسڈی کے بدلے50کروڑ ڈالر کے اضافی زرمبادلہ حاصل ہوسکیں گے۔ | | |
|