|
عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، نواز شریف |
|
|
|
پیر, 08 فروری 2010 18:32 |
|
لاہور........................پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ذمہ داری ہوتی ہے لیکن بد قسمتی سے حکومتیں اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کر سکیں‘ مہنگائی اور بے روزگاری انتہا پر ہیں جس کی وجہ پٹرول کی قیمتوں میں بلا جواز اضافہ اور بجلی کی نا مناسب لوڈ شیڈنگ ہے ایسی صورتحال میں (ن) لیگ کی صوبائی حکومت کو آگے آنا چاہیے اور جوکچھ اس کے بس میں ہے اس پر مستعدی سے عمل کرے ۔ مسلم لیگ (ن) کا خصوصی اجلاس وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف نے خصوصی طور پر شرکت کی جبکہ اجلاس میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان‘ خواجہ آصف ‘ احسن اقبال‘ پرویز رشید ‘ ذوالفقار کھوسہ ‘ سرتاج عزیز‘ سردار مہتاب خان سمیت دیگر نے شرکت کی ۔ اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے قائد کو کم آمدنی والے لوگوں کیلئے سستے مکانات ‘زرعی گریجویٹس اور ویٹرنری گریجوایٹس کو 60 ہزار ایکٹر سرکاری زمینوں کی فراہمی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ۔نواز شریف نے خطاب کرتے ہوئے پنجاب حکومت سے کہا کہ کم آمدنی والے افراد کو مکانات‘ بجلی‘ پانی‘ سوئی گیس اور سیوریج کی فراہمی اور اچھی رہائشی سہولیات حکومت کی ترجیحات میں شامل ہونا چاہئے‘ اس سلسلہ میں نئے شہروں کو بسانے کے ساتھ ساتھ بڑے شہروں کی کچی آبادیوں کو بہتر کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ذمہ داری ہوتی ہے لیکن بد قسمتی سے حکومتیں اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کر سکیں۔ مہنگائی اور بیروزگاری انتہا پر ہیں جس کی وجہ پٹرول کی قیمتوں میں بلاجواز اضافہ اور بجلی کی نامناسب لوڈ شیڈنگ ہے‘ایسی صورتحال میں مسلم لیگ(ن) کی صوبائی حکومت کو آگے آنا چاہئے اور جو کچھ صوبائی حکومت کے بس میں ہے اس پر مستعدی سے عمل کرے اور کم آمدنی والے افراد کو مکان‘ صاف ستھری رہنے کی جگہ اور دیگر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے تاکہ عام آدمی کے مسائل اور تکلیفیں کم ہوں۔ نواز شریف نے کہا کہ ہم لوگوں کے مسائل سے آگاہ ہیں اور ان کے حل کیلئے آواز اٹھانے کے ساتھ ساتھ جو کچھ ہمارے بس میں کرتے رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی بھلائی کے منصوبے عوامی نمائندوں کے مشورے اور متعلقہ شعبوں کے ماہرین کی مدد سے کم سے کم وقت میں تیار کئے جائیں اور ان پر فوری علمدرآمد بھی کیا جائے تاکہ قیمتوں میں اضافہ ان منصوبوں کو متاثر نہ کرے اور ان کی افادیت کا ثمر زیادہ سے زیادہ مستحق لوگوں تک پہنچے۔ |