|
پاکستان کی بگڑتی تعلیمی صورتحال تشویشناک ہے ، ارباب اختیار توجہ دیں : سید عامر محمود |
|
|
|
منگل, 31 جنوری 2012 12:29 |
لاہور (پاک میڈیا اپ ڈیٹس ڈاٹ کام)غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سید عامر محمود نے ملک میں بگڑتی تعلیمی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ارباب اختیار سے دلچسپی لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے تعلیمی صورتحال کا تجزیہ کرتے ہوئے اثر (ASER) پاکستان کی حالیہ سروے رپورٹ کا حوالہ دیا جس کے مطابق اس وقت 3 سے 5 سال کی عمر کے 57 فیصد ، 5 سال کے 32 فیصد اور 6 سے 16 سال کی عمر کے 20 فیصد بچے جنہیں کسی نہ کسی اسکول میں داخل ہونا چاہئے تھا ، ابھی تک سکول داخل نہیں ہوسکے جبکہ 5 فیصد بچے کسی نہ کسی وجہ سے سکول چھوڑ جاتے ہیں ، سکول داخل نہ ہونے والوں میں زیادہ تعداد لڑکیوں کی ہے اور کہا کہ ان حالات میں حکومتوں کے لیے یونیورسل پرائمری ایجوکیشن کا حصول ایک بہت بڑا چیلنج ہے ۔ انہوں نے اس مایوس کن صورتحال سے نبٹنے کے لیے ترجیحات کے تعین کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے حکومت سے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کا مطالبہ کیا اور کہا کہ حکومت اس سلسلے میں نہ صرف خود دلچسپی لے بلکہ پرائیویٹ سیکٹر کی بھی حوصلہ افزائی کرے تاکہ بھرپور مشترکہ کردار ادا کرکے پاکستان کو ناخواندگی کے سونامی سے نکالا جاسکے ۔
|