|
جامعہ کراچی کے وائس چانسلر کے انٹرویوز کیلئے امیدوار 15 جنوری کو طلب، پیرزادہ قاسم کی مدت ملازمت 5 جنوری کو ختم ہوگی |
|
|
|
ہفتہ, 31 دسمبر 2011 10:38 |
کراچی(پاک میڈیا اپ ڈیٹس ڈاٹ کام)جامعہ کراچی کے وائس چانسلر کے امیدواروں کو انٹرویوز کے لئے وائس چانسلر کی مدت ختم ہونے کے بعد طلب کرلیا گیا ہے۔موجودہ وائس چانسلرڈاکٹرپیرزادہ قاسم کی دوسری 4 سالہ مدت 5 جنوری 2012 کو ختم ہوگی جب کہ یہ انٹرویوز اتوار 15 جنوری کو ہوں گے۔ سندھ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ تلاش کمیٹی نے وائس چانسلر کے امیدواروں کے انٹرویوز وائس چانسلر کی مدت ختم ہونے کے بعد طلب کیے ہیں۔ ماضی میں وائس چانسلر کی مدت ختم ہونے سے کئی ہفتہ قبل ہی انٹرویوز کرکے وائس چانسلر کے نام کا اعلان کردیا جاتا تھا۔ حال ہی میں ڈاوٴیونیورسٹی کے وائس چانسلر کے امیدواروں کے انٹرویوز کرکے ڈاکٹر مسعود حمید کو وائس چانسلر مقرر کردیا گیا ہے جبکہ ابھی ان کی مدت ختم ہونے میں دو ہفتے باقی ہیں۔ ڈاکٹر مسعود حمید نے اپنی تیسری مدت کے لئے باقاعدہ درخواست دی تھی۔ جامعہ کراچی کے وائس چانسلر کیلئے 15 جنوری کو انٹرویوز کے سلسلے میں تلاش کمیٹی کے سربراہ 76 سالہ ریٹائرڈ بیورو کریٹ ڈاکٹر ایس ایم قریشی نے امیدواروں کو خطوط جاری کردیئے ہیں جن میں درخواست دینے والے 10 امیدواروں کو بلایا گیا ہے۔ ایک امیدوار ڈاکٹر درخشاں حلیم کا انٹرویو پہلے ہی ہوچکا جبکہ باقی امیدواروں کے انٹرویوز اسی لیے ملتوی کردیئے گئے کہ تلاش کمیٹی نے درخواست نہ دینے والے امیدوار ڈاکٹر پیرزادہ قاسم کا نام بھی فہرست میں شامل کرلیا اور تلاش کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر ایس ایم قریشی کو بطور چارٹر ایکشن کمیٹی کے چیئرمین کے عہدے پر بحال نہیں کیا گیا ۔ تلاش کمیٹی کے اراکین نے ان دونوں معاملات پر خوب بحث کی اور درخواست نہ دینے والے امیدوار کو شامل کرنے کو میرٹ اور اصولوں کے خلاف قرار دیا جس کے بعد تمام امیدواروں کو جو اپنی باری کے انتظار میں بیٹھے ہوئے تھے کہا گیا کہ انٹرویوز ملتوی کردیئے گئے۔ دیکھنا یہ ہے کہ کیا کمیٹی گزشتہ 8 سال سے وائس چانسلر کے عہدے پر تعینات ڈاکٹرپیرزادہ قاسم جنہوں نے درخواست نہیں دی اپنے اراکین کے اعتراضات کے باوجود انھیں انٹرویو کے لیے بلائے گی اور 5 کے بعد 6 جنوری تک کیا موجودہ وائس چانسلر ڈاکٹر پیرزادہ قاسم کی مدت میں مختصر یا غیرمعینہ مدت کے لیے توسیع ہوجائے گی یا پھر جامعہ کراچی کی مین کیمپس کی پروائس چانسلر ڈاکٹر شاہانہ عروج کاظمی قائم مقام وائس چانسلر ہوں گی اور ڈاکٹر پیرزادہ قاسم 15 جنوری کو سابق وائس چانسلر کی حیثیت سے انٹرویو دیں گے۔ گورنر ہاوٴس کے ایک افسر نے بتایاکہ دونوں چیئرمین ممکن ہیں۔6 جنوری کو قائم مقام وائس چانسلر بھی مقرر کیا جاسکتا ہے اور موجودہ وائس چانسلر کی مدت ملازمت میں بھی توسیع ہوسکتی ہے لیکن اس کا فیصلہ چانسلر ہی کریں ۔ذرائع کے مطابق ڈاکٹر پیرزادہ قاسم سے گورنر سندھ سے گزشتہ روز ملاقات کی ہے جس میں انہوں نے آئندہ مدت کے لئے وائس چانسلرنہ بننے کی خواہش کا اظہار کیا ہے تاہم گورنر نے ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کام جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
|