|
بھارتی یوم جمہوریہ کو آزاد و مقبوضہ کشمیر اور دنیا بھر میں آج یوم سیاہ کے طور پر منایا گیا، بھارت طاقت و قوت کے بل بوتے پر مقبوضہ کشمیر پر تسلط برقرار رکھنے کے خواب دیکھنا چھوڑ دے:سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق، حافظ محمد سعید |
|
|
|
جمعرات, 26 جنوری 2012 13:38 |
سرینگر/ مظفرآباد/ اسلام آباد/لاہور(پاک میڈیا اپ ڈیٹس ڈاٹ کام) بھارتی یوم جمہوریہ کو آزاد و مقبوضہ کشمیر اور دنیا بھر میں آج یوم سیاہ کے طور پر منایا گیا حریت کانفرنس کی اپیل پر وادی اور جموں میں زبردست احتجاجی ہڑتال کی گئی، جلسے، جلوس اور مظاہروں کا انعقاد کیا گیا۔فوج نے مظاہرین پر فائرنگ اور لاٹھی چارج کیا جس سے درجنوں کشمیری زخمی ہو گئے جبکہ پوری وادی کشمیر بنے گا پاکستان کے نعروں سے گونجتی رہی،سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق، حافظ محمد سعید و دیگر نے کہا ہے کہ بھارت طاقت و قوت کے بل بوتے پر مقبوضہ کشمیر پر تسلط برقرار رکھنے کے خواب دیکھنا چھوڑ دے، کشمیریوں کی قربانیوں کے نتیجہ میں جلد غاصب بھارت وادی کشمیر سے نکلنے پر مجبور ہو جائے گا، امریکہ کے خطہ سے نکلنے کے بعد وہ ان شا ءاللہ یہاں نہیں ٹھہر سکے گا۔ لندن، بلجیئم ، مظفر آباداور دنیا کے دیگر خطوں میں بھی مظاہرے کئے گئے، جماعةالدعوة اور تحریک آزادی کشمیر کی طرف سے بھی ملک کے مختلف شہروں میں جلسوں اور کانفرنسوں کا اہتمام کیا گیا تفصیلات کے مطابق بھارتی یوم جمہوریہ کے موقع پر کشمیریوں نے گھروں پر سیاہ پرچم لہرائے اور تمام کاروباری، تجارتی مراکز اور تعلیمی ادارے بند رہے ٹریفک مکمل طور پر بند اور سڑکیں سنسان رہیں، جبکہ سخت کرفیو اور دفعہ 144کے نفاذ کے باوجودوادی بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور فوج کے خلاف اور آزادی کے حق میں نعرے لگائے گئے۔ کئی مقامات پر فوج نے مظاہرین پر فائرنگ اور لاٹھی چارج کیا جس سے درجنوں کشمیری زخمی ہو گئے، بخشی سٹیڈیم کو کئی دن قبل سے ہی مکمل طور پر کمانڈوز کے ہاتھوں میں دے دیا گیا تھاجگہ جگہ ناکہ بندیاں اور رکاوٹیں کھڑی کی گئی تھیں ۔ فوج اور پولیس کے علاوہ دیگر فورسز کی بڑی تعداد بھی وادی میں جگہ جگہ تعینات کی گئی تھی۔ یوم سیاہ کے سلسلہ میں مظفر آباد اور دیگر شہروں میں جلسے، جلوس اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا اور اقوام متحدہ کے دفتر میں یاد داشتیں پیش کی گئیں، حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کشمیریوں کو جمہوری اور پیدائشی حقوق دیئے بغیر یوم جمہوریہ کا جشن منانے کا کوئی اخلاقی جواز موجود نہیں ہے۔ کشمیر ی عوام کے قتل عام کے تمام واقعات کی اقوامِ متحدہ کے وار کرائم ٹریبیونل کے ذریعے سے تحقیقات کرائی جا ئیں اور جنگی جرائم میں ملوث بھارتی مسلح فورسز کے افسروں اور اہلکاروں کے خلاف عالمی عدالتِ انصاف میں مقدمات درج کرائے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کی بھارت کے عوام یا کسی مذہب کے ساتھ کوئی لڑائی نہیں ہے۔ ہم اپنے بنیادی اور پیدائشی حقوق کیلئے ایک اصولی جدوجہد کررہے ہیں اور یہ جدوجہد جمہوری تقاضوں کے عین مطابق کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے زبردستی جموں کشمیر پر قبضہ جما رکھا ہے اور یہ یہاں کے لوگوں کی مرضی اور خواہشات کے بالکل برعکس ہے۔ بھارتی نام نہاد جمہوریہ نے کشمیری قوم کو غلام بناکر جمہوریت کا گلا دبا رکھا ہے اور جب تک یہاں کے لوگوں کے جمہوری حق حقِ خودارادیت کو واگزار نہیں کرایا جاتا، تب تک اس ملک کیلئے یومِ جمہوریہ منانے کا کوئی اخلاقی جواز موجود نہیں ہے۔ حریت کانفرنس (میر واعظ ) کے سربراہ میر واعظ عمر فاروق نے کہاکہ ہم بھارتی یوم جمہوریہ کے موقع پر اسے یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ کشمیری اپنے وطن کی آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کشمیریوں کو ان کے بنیادی حقوق دلوانے میں بری طرح ناکام ہوا ہے، اس ادارے پر عالمی طاقتوں نے قبضہ کر رکھا ہے جو اس کو اپنے مفادات کیلئے استعمال کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایسٹ تیمور اور سوڈان پر قراردادوں پر فوراً عمل کروایا جاتا ہے لیکن کشمیر اور فلسطین پر قراردادیں صرف کاغذ پر لکھی ہی رہتی ہیں۔امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بد ترین بھارتی ریاستی دہشت گردی پاکستانی حکمرانوں کی بھارت سے یکطرفہ دوستی کا نتیجہ ہے کشمیر کسی صورت انڈیا کا حصّہ نہیں رہ سکتا خونی لکیر جلد ٹوٹ جائیگی مظلوم کشمیریوں کی مدد کرنا قرآن وسنت کی روشنی میں ہر مسلمان پر فرض ہے آزادی کشمیر کے حوالہ سے ان شاءاللہ بہت جلد اچھی خبریں سننے کو ملیں گی،کشمیریوں نے بھارتی یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منا کر بھارت کے بھیانک چہرے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے اس کے لئے کشمیری حریت پسند قیادت کو پوری پاکستانی قوم سلام پیش کرتی ہے انہوں نے کہاکہ کشمیری مسلمان پاکستان کو مدد کیلئے پکار رہے ہیںوہ انڈیاکے ساتھ کسی صورت رہنے کو تیار نہیں ہیں وہ پاکستان سے رشتہ کیا لاالہ الااللہ کے نعرے لگاتے ہوئے اپنے سینوں پر گولیاں کھارہے ہیں اوراسلام آباد میں بیٹھے حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی تحریک آزادی جموں کشمیر کے چیئرمین حافظ سیف اللہ منصور نے کہاکہ تحریک آزادی منطقی انجام تک پہنچنے والی ہے انتہائی افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ پاکستان جنہیں کشمیری مسلمان اپنا سب سے بڑاوکیل سمجھتے ہیں وہ بالکل خاموش ہے اگرکشمیری پاکستان کا جھنڈا لہرا رہے ہیں توہمیں بھی اس کا عملی جواب دینا چاہیے۔ امیر جماعةالدعوة آزاد کشمیر مولانا عبدالعزیز علوی نے کہاکہ ہم ان شاءاللہ مظلوم کشمیری مسلمانوں کی ہر طرح سے مددکریں گے انہیں کسی صورت بھارت سرکار کے رحم وکرم پرنہیں چھوڑا جائے گا ۔لندن سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق بھارتی یوم جمہوریہ کے موقع پر کشمیری اور سکھ تنظیموں نے آزادی کیلئے مظاہرہ کیا۔ جبکہ برسلز میں بھی کشمیریوں نے کشمیر سنٹر کے زیر اہتمام مظاہرہ کیا جس میں کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ نذیر شال، میر صفدر علی، مولانا عبدالمجید، سید حسنات شاہ، خان جبار،مرزا مقصود، راجہ ظہیر، شیخ شکیل نواز بٹ، صغیراحمد، ڈاکٹر عامر، چوہدری جاوید، ملک امان اللہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت روز اول ہی سے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے عالمی برادری دو ایٹمی قوتوں کے درمیاں اگر امن چاہتی ہے تو اسے از خود مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کیلئے آگے بڑھنا ہو گا۔
|