|
سزائے موت کے خاتمے کا عالمی دن، 2009ء کے دوران پاکستان میں کسی مجرم کو پھانسی نہیں دی گئی |
|
|
|
اتوار, 10 اکتوبر 2010 11:58 |
 لاہور (رپورٹ : نوید طارق) پاکستان سمیت دنیا کے 2 تہائی ممالک میں تمام یا عام جرائم کے لئے سزائے موت ختم کردی گئی ہے یا اس پر عملدرآمد نہیں کیا جارہا‘ گزشتہ برس 56 ممالک میں 2001 افراد کو موت کی سزا سنائی گئی جبکہ 18 ممالک میں 714 مجرموں کی سزا پر عمل کیا گیا ، کل 17 ہزار 118 افراد سزائے موت پر عملدرآمد کے منتظر ہیں۔ دستیاب سرکاری اعداد وشمار کے مطابق سزائے موت سنائے جانے کے حوالے سے دنیا بھر میں دوسرے نمبر پر رہنے کے باوجود سال 2009ء میں پاکستان میں ایک بھی سزا پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔یاد رہے کہ2008ء میں سزائے موت پر عملدر آمد کے حوالے سے 36سزاؤں پر عملدرآمد کے ساتھ پاکستان ایشیا میں دوسرے نمبر پر تھا اور 1998-2008 کے دوران ملک میں 347 افراد کی سزائے موت پر عمل ہوا۔ جنگ ڈویلپمنٹ رپورٹنگ سیل نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیم‘ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے اعداد وشمار کے حوالے سے سزائے موت کے خاتمے کے عالمی دن پر جو رپورٹ تیار کی ہے، اس کے مطابق 104 ممالک (95 تمام اور 9 عام جرائم کے لئے) اپنے قوانین سے سزائے موت کا خاتمہ کر چکے جبکہ پاکستان سمیت 35 ممالک سزا پر عملدرآمد نہیں کرتے یوں عملًا 139 ممالک میں سزا کا خاتمہ ہو چکا ہے۔ گزشتہ برس 18 ممالک (ایران 388‘ عراق 120‘ سعودی عرب 69‘ امریکا 52‘ ویت نام اور سوڈان الگ الگ 9‘ شام 8‘ جاپان 7‘ مصر 5‘ لیبیا 4‘ بنگلہ دیش 3‘ سنگاپور‘ تھائی لینڈ 2‘ بوٹسوانا سمیت دیگر ممالک) میں 741 قیدیوں کی سزائے موت پر عملدرآمد کیا گیا۔ براعظم امریکا میں صرف امریکا اور سب صحارا افریقہ میں بوٹسوانا اور سوڈان میں سزا پر عملدرآمد کیا گیا جبکہ پاکستان‘ افغانستان‘ انڈونیشیا اور منگولیا بھی ان ممالک میں شامل ہو گئے جہاں سزائے موت کے منتظر ہزاروں مجرموں کی سزا پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔ 2009 میں 58 ممالک (نمایاں طور پر عراق 366‘ پاکستان 276‘ مصر 269‘ افغانستان 133‘ امریکا 105‘ الجیریا 100‘ ملائیشیا 68‘ بنگلہ دیش 64‘ سوڈان 60‘ ویت نام 59‘ نائیجیریا 58‘ یمن 53‘ بھارت 50‘ جاپان 34‘ صومالیہ 18‘ ایتھوپیا 11‘ مالی 10‘ گھانا اور زمبابوے الگ الگ 7‘ برکینا فاسو 6‘ بنین 5‘ لائبریا 3‘ بوٹسوانا 2 جبکہ چاڈ، کوریا‘ کینیا‘ موربطانیہ‘ تنزانیہ‘ یوگنڈا‘ سری لیون میں ایک ایک) میں موت کی سزائیں سنائی گئیں۔ چین‘ بیلا روس‘ ایران‘ منگولیا‘ شمالی کوریا‘ ملائیشیا‘ سوڈان‘ مصر‘ تھائی لینڈ اور ویت نام میں سزائے موت کی معلومات کو خفیہ رکھا جاتا ہے۔ |