|
قتل کے سالانہ واقعات میں پاکستان 35 ویں اور بھارت 54 ویں نمبر پر |
|
|
|
ہفتہ, 02 اکتوبر 2010 11:46 |
|
لاہور (رپورٹ: ریاض الحق) پوری دنیا میں عدم تشدد کا عالمی دن ہفتے کو منایا جارہا ہے جس کا مقصد دنیا میں بڑھتے ہوئے تشدد کو ختم کرنے کے ساتھ ساتھ امن کو فروغ دینا ہے، یہ دن اقوام متحدہ کے زیر اہتمام 2007ء سے گاندھی کی سالگرہ کی مناسبت سے منایا جاتا ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ بھارت خود جنوبی ایشیاء کے خطے میں امن کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے، اس کا اندازہ اس امر سے لگایا جاسکتا ہے کہ بھارت کشمیر میں آزادی کی جنگ لڑنے والے مسلمانوں کی گزشتہ 6/عشروں سے جاری جدوجہد کو تشدد کے زور پر دبانے کی کوشش میں مصروف ہے۔ بھارت نے 22/برسوں کے دوران وادی کشمیر میں تشدد کی کارروائیوں میں 93379 معصوم شہریوں کو شہید کیا جبکہ 6974 افراد کو حراست کے دوران ظلم و تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے موت کی نیند سلا دیا اور صرف حالیہ 2/ماہ (اگست اور ستمبر) میں بھارتی افواج کے مظالم سے 165 کشمیری شہید ہوئے ہیں، اس دوران بھارتی فوج نے خواتین سمیت معصوم بچوں کو بھی تشدد کرکے شہید کیا، عدم تشدد کے حوالے سے جنگ ڈیولپمنٹ رپورٹنگ سیل نے مختلف ذرائع سے جو اعداد و شمار حاصل کئے ہیں اس کے مطابق دنیا میں اوسطاً فی لاکھ افراد میں 9/کو قتل کردیا جاتا ہے جبکہ کئی ممالک میں یہ شرح بہت زیادہ ہے۔ وینز ویلا میں اوسطاً فی لاکھ 75افراد کو قتل کردیا جاتا ہے جبکہ 71/افراد کے ساتھ سیلواڈور دوسرے نمبر پر ہے۔ ہنڈ راس تیسرے، جمیکا چوتھے، گوئٹے مالا پانچویں، کولمبیا چھٹے، جنوبی افریقہ ساتویں، Bielzeآٹھویں، بزازیل نویں اور ڈومینکن ریپبلک دسویں نمبر پر ہے۔ فی لاکھ قتل کی ہلاکتوں میں پاکستان کا 35/واں نمبر ہے جبکہ بھارت 54/ویں، سری لنکا 36ویں، بنگلہ دیش 56ویں اور نیپال 70/ویں نمبر پر ہے۔ ملک میں فی لاکھ اوسطاً 7جبکہ بھارت میں 3/افراد قتل کردیئے جاتے ہیں۔ دنیا میں تشدد کی زد سے حق کیلئے آواز بلند کرنے والے صحافی بھی محفوظ نہیں رہے اور گزشتہ برس 76صحافیوں اور 33معاون میڈیا افراد کوپیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے دوران قتل کردیا گیا جن میں 9/صحافیوں کا تعلق پاکستان سے تھا۔ عالمی سطح پر دہشت گردی جیسے بدترین تشدد کا اندازہ اس سے ہوتا ہے کہ 2009ء کے دوران دنیا میں دہشت گردی کے 268واقعات رونما ہوئے جن میں سے 92 پاکستان میں ہوئے اور ملک میں ہونے والے ان واقعات میں 1319افراد شہید ہوئے۔ بھارت میں ایک سال کے دوران 32/ہزار 766/افراد کو قتل کیا گیا جبکہ 28/ہزار 598/افراد کو قتل کرنے کی کوشش کی گئی۔ یوں عدم تشدد کا دوسرا نام کہلانے والے ”گاندھی“ کے دیس میں یومیہ 90/افراد کو قتل کیا جاتا ہے جبکہ تقریباً 78/افراد یومیہ اقدام قتل کا نشانہ بنتے ہیں۔ یونیسیف کی رپورٹ ”اسٹیٹ آف دی ورلڈ چلڈرن 2009ء“ کے اعداد وشمار کے مطابق بھارت میں 36/فیصد ماؤں نے اپنے بچوں پر مختلف قسم کا تشدد کیا ، جن میں لات مارنا، بال کھینچنا اور تھپڑوں کی بارش شامل ہے۔ |