|
پنجاب اور خیبر پختونخوا میں سی این جی اسٹیشنز کی بندش اور قیمتوں میں اضافہ کےخلاف ٹرانسپورٹر ز کی ہڑتال، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا نظام زندگی مفلوج |
|
|
|
پیر, 02 جنوری 2012 16:07 |
اسلام آباد،پشاور ،فیصل آباد ،ملتان،کوئٹہ (پاک میڈیا اپ ڈیٹس ڈاٹ کام)ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب اور خیبر پختون خوا میں سی این جی اسٹیشنز کی بندش اور قیمتوں میں اضافہ کے خلاف ٹرانسپورٹر ز کی جانب سے ہڑتال کی گئی جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کر نا پڑا اور نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا گاڑیاں نہ ملنے کی وجہ سے ملازمین دفاتر اور طلبہ تعلیمی اداروں میں نہ پہنچ سکے، دفاتر میں حاضری نہ ہونے کے برابررہی ٹیکسی ڈرائیور من مانے کرائے وصول کرتے رہے مشتعل افراد نے ہائی وے سمیت مختلف روڈ ٹریفک کےلئے بلاک کر دیئے جبکہ قیمت میں اضافے کیخلاف خیبر پختونخوا میں تما م سی این جی اسٹیشن غیر معینہ مدت کیلئے بند کردئیے گئے جس کے باعث ہزاروں مزدور بے روز گار ہوگئے ہیں جبکہ ٹرانسپورٹرز اتحاد ایسوسی ایشن اور سی این جی ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ سی این جی بندش کا فیصلہ منظور نہیں اورفیصلہ واپس ہونے تک ہڑتال جاری رہے گی جبکہ کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں سی این جی اسٹیشن ایک دن بند رہنے کے بعد دوبارہ کھل گئے سی این جی اسٹیشنوں پر گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ گئیں ۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی میں ٹرانسپورٹرز کی جانب سے سی این جی اسٹیشنز کی بندش اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف ہڑتال کی گئی جس کے باعث ملازم پیشہ افراد،طلبا اور عام شہریوں کوآمدورفت میں دشواریوں کا سامنا کر نا پڑا۔ملازمین کی بڑی تعداد ٹرانسپورٹ کی عدم دستیابی کے باعث مقررہ اوقات میں دفاتر میں نہ پہنچ سکی اسلام آباد اور اس کے جڑواں شہرروالپنڈی میں سی این جی کی بندش اور ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کے خلاف عوام نے مشتعل ہوکر اہم سٹرکوں کو بلاک کردیا جس کے باعث نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیاپیر کی صبح ہونے والی ہڑتال کے باعث جڑواں شہروں کے پبلک ٹرانسپورٹ اسٹاپس پر ویگنوں کی قلت کے سبب رش لگنا شروع ہوگیا تھا جنہوں نے بعدازاں احتجاج شروع کردیا۔اسلام آباد ایکسپریس وے کو پہلے کھنہ پل کے قریب بند کیا گیا، روات میں جی ٹی روڈ پر ٹرالرز کے کنٹینرز کھڑے کرکے سڑک بند کردی گئی ، بارہ کہو میں بھی مشتعل افراد نے شاہراہ کشمیر کو مکمل بند کردیا۔ کئی مقامات پر مشتعل افراد کی طرف سے گاڑیوں پر پتھراﺅ بھی کیا گیا، اس صورتحال کی وجہ تعلیمی اداروں کے جانے والے طلبا ، روزگار کے لئے جانے والے افراد، مریضوں کو لے جانے والی ایمبولنس گاڑیاں کئی مقامات پر پھنسی رہیں ۔ جبکہ دوسری جانب ٹیکسی ڈائیورز منہ مانگے کرائے وصول کر تے رہے ۔ ادھر سی این جی کی قیمت میں اضافے کیخلاف صوبہ خیبر پختون خوا میں 600 سے زائد سی این جی سٹیشن غیر معینہ مدت کے لئے بند کر دیے گئے۔ہڑتال کے بعد پٹرول پمپوں پر گاڑیوں کی لمبی لمی قطاریں لگ گئیں ۔شہریوں اور ٹرانسپورٹروں نے ہشت نگری میں سی این جی کی بندش کے خلاف مظاہرہ کیا اورجی ٹی روڈبند کردی۔سی این جی اورپٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافے کے بعد خیبر پختونخوا میں لوکل ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی خودساختہ اضافہ کردیا گیا ہے۔ فیصل آباد میں صنعتوں کو 8 دن اور سی این جی کو چھ دن سے مسلسل گیس کی بندش کے خلاف لوگ سراپا احتجاج رہے مزدوروں اور شہریوں نے جھنگ روڈ پر سدھار بائی پاس کے قریب مظاہرہ کیا اورٹریفک روک دی۔سمال انڈسٹریل اسٹیٹ اور کھرڑیانوالہ میں بھی مزدوروں نے ریلیاں نکالیں اور گیس کی بندش کے خلاف مظاہرے کئے۔ سرگودہا روڈ اور جی ٹی ایس چوک میں بھی مظاہرہ کیا گیا۔مظاہرین نے گیس کے دفتر کے سامنے دھرنا دیا اورنعرے لگائے ۔ سی این جی کی بندش کے خلاف رکشہ ڈرائیورز نے رکشے کھڑے کر کے ٹریفک بلاک کر دی ۔ دوسری جانب سی این جی کی ہفتہ وار بندش کے تحت لاہور کے سی این جی ا سٹیشن بند کر دئیے گئے یہ اب جمعرات کو کھلیں گے۔ پیر سے جمعرات تک لاہور، ساہیوال، شیخوپورہ، ملتان اور گوجرانوالہ ریجنز میں سی این جی اسٹیشنز کی ہفتہ وار تعطیل ہے تاہم ایسوسی ایشن کی اپیل پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، بہاولپور اور فیصل آباد کے پمپس بھی ہڑتال میں شامل ہو گئے ۔ رواں ہفتے سی این جی کی قیمتوں میں اضافہ اور پنجاب کی ہفتہ وار 3 روز تک سی این جی کو بند رکھنے پر آل پاکستان سی این جی ایسویسی ایشن کی کال پر اتوار کے روز بھی ملتان ریجن کے تمام شہروں ڈیرہ غازی خان ، مظفر گڑھ ، لیہ ، خانیوال ، وہاڑی اور چیچہ وطنی میں سی این جی بند رہی۔ صارفین کا کہنا ہے کہ حکومت عوام پر ترس نہیں کھاتی اور پھر آئے روز ہڑتالوں نے انہیں تنگ کر رکھا ہے یہی وجہ ہے کہ اس ہفتے صرف 3 روز کے لئے انہیں سی۔ این۔ جی میسر آئے گی۔ دریں اثناءسی این جی ایسوسی ایشن حکام کا کہنا ہے گیس کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ ہرگز قبول نہیں کیا جائے گا، اگر حکومت نے اس اضافے کو واپس نہ لیا تو پورے پاکستان کے سی این جی اسٹیشنز بند کر دئے جائیں گے دوسری جانب سی این جی ایسوسی ایشن کے صدر غیاث پراچہ نے کہا ہے کہ سی این جی کی قیمتوں میں اضافے سے جہاں ان کے کاروبار پر فرق پڑے گا وہیں عوام کو سستا ایندھن بھی نہیں ملے گا ٹرانسپورٹرز اتحاد ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ انہیں سی این جی بندش کا فیصلہ منظور نہیں اورفیصلہ واپس ہونے تک ہڑتال جاری رہے گی۔ دریں اثناءوزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس (کل) اسلام آباد میں ہوگا جس میں ملک میں بجلی اور گیس کے بحران پرغور کیا جائے گا ۔ذرائع کے مطابق وزیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین وفاقی کابینہ کو ملک میں گیس کی قلت جبکہ وفاقی وزیر پانی و بجلی نوید قمر بجلی کے بحران کے بارے بریفنگ دیں گے ۔کابینہ مختلف ممالک سے باہمی تعاون کے معاہدوں کی منظوری بھی دے گی۔
|