|
لاپتہ افراد کے لواحقین کا احتجاجی کیمپ 8ویں روز بھی جاری رہا ،حکومت نے احتجاج ختم کرانے کےلئے رابطہ کرنیکا فیصلہ کر لیا،ذرائع |
|
|
|
بدھ, 22 فروری 2012 19:30 |
اسلام آباد(عزیز الرحمان سے)لاپتہ افراد کے لواحقین کا احتجاجی کیمپ 8ویں روز بھی جاری رہا ۔کیمپ میں شریک معمر افراد‘خواتین اور بچے شدید سردی میں کھلے آسمان تلے پڑے ہیں ‘ سیاسی اور سماجی شخصیات کی طرف سے اظہا ریکجہتی کے لئے آمد کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا‘ حکومت نے احتجاج ختم کروانے کے لئے شرکاءسے رابطہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق لاپتہ ہونے والے افراد کی بازیابی کیلئے ان لواحقین نے گزشتہ ہفتے پارلیمنٹ ہاﺅس کے سامنے احتجاجی کیمپ شروع کیا تھا جو آٹھویں روز بھی جاری رہا‘کیمپ میں معمر افراد، عورتیں اور بچے شریک ہیں۔شدید سردی کے باوجود کیمپ کے شرکا ءرات کھلے آسمان تلے پڑے رہے ۔ کیمپ کے شرکا ءسے اظہار یکجہتی کے لئے مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین بھی احتجاجی کیمپ کا دورہ کر چکے ہیں جبکہ گزشتہ روز بھی سیاسی اور سماجی شخصیات نے کیمپ کا دورہ کیا اور لواحقین سے اظہار یکجہتی کیا۔ انسانی حقوق تنظیم کی سربراہ آمنہ مسعود جنجوعہ نے کہا کہ حکومت نے بے حسی کی انتہا کر دی ہے ۔ جب تک ہمارے مطالبا ت تسلیم نہیں ہونگے یہ سلسلہ جاری رہے گا ۔ذرائع نے بتایا ہے کہ حکومت نے احتجاج ختم کروانے کے لئے شرکاءسے رابطہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔
|